بھٹکل:15/نومبر (ایس او نیوز) کچھ ماہ پہلے بھٹکل بلدیہ کی دوکانوں کے کرایہ کے لئے عوامی نیلامی کی کارروائی انجام دی گئی تھی۔ لیکن اس نیلامی میں پردے کے پیچھے سے رچی گئی سازش کے نتیجےمیں پہلے سے کرایہ پر موجود دوکاندار اپنے دوکانوں کو کھو بیٹھے ہیں، اس سلسلے میں ریاستی حکومت فوری طورپر ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ لے کر کرناٹکا سوابھیمانی کرانتی سنگھا بھٹکل کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے وزیراعلیٰ کو میمورنڈم سونپاگیا ۔
میمورنڈم میں تحریر کیا گیا ہے کہ بلدیہ کے کچھ دوکانداروں نے اپنے دوکانوں کے کھونے کے ڈر سے بھاری قیمت پر بولی لگائی تھی ، لیکن اب دوکاندار پریشان ہیں کہ اتنی بڑی رقم بلدیہ کو کیسے اداکریں، دوکاندار وں کا کافی تکالیف کاسامناہے، دوکانوں پر ہی انحصار کرتے ہوئے لاکھوں روپیہ قرض لئے ہوئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے 79 مربع فٹ کے لئے 822روپئے کرایہ طئے کئے جانے کے باوجود نیلامی میں 100800تک بولی کو لے جانا کئی شکوک کو جنم دے رہا ہے۔ کلی طورپر بلدیہ دوکانوں کی جو نیلامی ہوئی ہے وہ غیر سائنٹفک ہے، جس کے لئے بلدیہ افسران ہی وجہ سبب ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ نیلامی کو رد کرکے مناسب کرایہ طئے کرکے اصل دوکانداروں کو دوکانیں لوٹائیں۔ کرناٹکا سوابھیمانی سنگھا کے ضلعی صدر ایرا نائک، جنرل سکریٹری کمارنائک، وینکٹیش نائک، تعلقہ صدر اشوک نائک، نائب صدر کے ایم شریف، جیون نائک، دیویندرنائک، رامنا بلیگاروغیرہ موجود تھے۔